وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے تحت مصر کی حکومت کی جانب سے پاکستان کو ادویات کا عطیہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈپٹی چیف آف مشن مصر اور عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، جبکہ مصر کی جانب سے انسان دوست اقدام قابلِ ستائش ہے۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ مصر نے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مثالی کامیابی حاصل کی ہے جو دنیا کے لیے رول ماڈل ہے، پاکستان بھی اسی ماڈل سے سیکھتے ہوئے قومی اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عطیے سے پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی مہم کو نئی قوت ملے گی اور صحت کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف مشن مصر نے کہا کہ ادویات کا یہ عطیہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ تعلقات کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادویات مستحق اور غریب مریضوں کے علاج میں استعمال کی جائیں گی۔
ٹکاخان



















