مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا ء بڑھانے کےلئے اسٹیٹ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان میں بینک دولت پاکستان نے ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کا مقصد مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا بڑھانا اور پاکستان میں نجی شعبے کی نمو میں معاونت کرنا ہے۔
آئی ایس ڈی اے معاہدے کے تحت اس شراکت داری سے آئی ایف سی کرنسی کے خطرات کا مؤثرانتظام اور پاکستانی روپے میں سرمایہ کاریاں بڑھا سکے گا، یہ معاہدہ پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ملک بھر میں ملازمتیں پیدا کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنرجمیل احمد نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے کی نمو کو فروغ دینا ملک کی کامیاب اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف سی کے ساتھ اس شراکت داری کا مقصد نجی شعبے کے لیے قرضوں کے مواقع میں اضافہ ہے۔آئی ایف سی کے نائب صدر اور ٹریژری اورموبلائزیشن کے ٹریژرر جان گینڈولفو نے کہا کہ کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ ترقی پذیر معیشتوں کو لاحق نمایاں خطرات میں سے ہے اور مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا پہلے کے مقابلے میں اب بہت زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ ورلڈ بینک گروپ ایسے قرضوں کے فروغ کو سٹریٹجک ترجیح دیتا ہے اور اس سے پاکستان میں معاشی نمو کو تحریک ملے گی۔
شرح مبادلہ کے خطرات ترقی پذیر ملکوں کی کمپنیوں کے لیے سنگین چیلنج ہیں جو امریکی ڈالر جیسی مستحکم کرنسیوں میں قرض لیتی ہیں جبکہ اپنی آمدنی مقامی کرنسی میں حاصل کرتی ہیں۔ کرنسی کی اس عدم مطابقت کو دور کرنا نہ صرف خطرات کم کرنے اور مالی لچک برقرار رکھنے کی مقامی کاروباری اداروں کی صلاحیت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ وسیع تر معاشی استحکام کو سہارا دینے کے لیے بھی اہم ہے ۔
آئی ایف سی جدید مالی آلات کے استعمال اور شراکت داریوں کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں مقامی کرنسی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔
آئی ایف سی کے ساتھ اس شراکت سے سٹیٹ بینک کا مقصد یہ ہے کہ ملک کی معاشی مضبوطی کو بڑھایاجائے، نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دیا جائے اور پاکستان میں زرِ مبادلہ کو بہتر بنایا جائے۔
بینک دولت پاکستان، اسلامی جمہوریہ پاکستان کا مرکزی بینک ہے جو سٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
بینک کی بنیادی ذمہ داری ملک میں قیمتوں کے استحکام کا حصول اور اسے برقرار رکھنا، پاکستان کے مالی نظام کے استحکام میں حصہ لینا اور حکومت کی عمومی معاشی پالیسیوں کی معاونت کے ذریعے ملک کے پیداواری وسائل کی ترقی اور ان کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایف سی جو ورلڈ بینک گروپ کا رکن ادارہ ہے ، ابھرتی ہوئی منڈیوں میں نجی شعبے پر توجہ مرکوز رکھنے والا سب سے بڑا عالمی ترقیاتی ادارہ ہے۔ ہم 100 سے زائد ممالک میں سرگرمِ عمل ہیں، اپنے سرمائے ، مہارت اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک میں نئی منڈیاں اور مواقع پیدا کرتے ہیں۔
مالی سال 25ء میں آئی ایف سی نجی شعبے میں نئے طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور نجی سرمائے کو منظم کرکے ترقی پذیر ممالک میں نجی کمپنیوں اور مالی اداروں کے لیے ریکارڈ 71.7 ارب ڈالر جاری کرے گا تاکہ غربت سے پاک اور قابلِ رہائش دنیا کا خواب پورا کیا جا سکے۔





















