صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملک کی داخلی اورسیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی داخلی اور سلامتی صورتحال پربریفنگ دی، افغان طالبان رجیم کے جارحانہ اقدامات سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کے مؤثر اور بروقت ردعمل سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افواج کی طاقت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر اطمینان اظہار کیا اور سرحدوں کے دفاع اور سرحد پار حملوں کو فوری پسپا کرنے میں افواج کی مستعدی کی تعریف کی۔ کہا پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
واضح رہے کہ پاک فوج نےچمن کےعلاقےاسپن بولدک میں افغان طالبان اورفتنہ الخوارج کےحملےناکام بنا دیے،سیکیورٹی ذرائع کےمطابق دہشتگردوں نے علی الصبح تین مقامات پر حملہ کیا جس کا پاک فوج نے مؤثر جواب دیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق افغان طالبان اورفتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے دیہات اور معصوم شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا،ایس پی آرکے مطابق چار مقامات پر بھرپور جوابی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا جارہاہے کہ گیارہ اور بارہ اکتوبر کی درمیانی رات سے اب تک 200 سے زائد طالبان اور ان کے معاون دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔





















