خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلی محمد سہیل خان آفریدی نے صوبے کے تیسویں چیف ایگزیکتو کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر ان سے حلف لیا۔
خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں اپنے عہدے کاحلف لے لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محمدسہیل آفریدی سے بطور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اُن کے عہدے کا حلف لیا۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی سواتی ، پی ٹی آئی کی مرکزی وصوبائی قیادت ،اعلی سول حکام اورمنتخب اراکین اسمبلی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں پی ٹی آئی کارکنان نے شدید بدنظمی کا مظاہرہ کیا۔ حلف کے دوران سٹیج پر چڑھ آئے اورتمام کاروائی کے دوران مسلسل شور کرتے رہے ۔ کارکنوں کی ہلڑ بازی کے باعث وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سیڑھیوں کی بجائے سبزہ زار کے اونچے نیچے راستے سے پنڈال پہنچے اورراستے میں گرتے گرتے بچے۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ آمد پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔محمد سہیل آفریدی نے با ضابطہ طور پر وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا۔
سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف لینے کے فوری بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے 16 اکتوبر کو اڈیالہ جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملاقات کے انتظامات کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کردیا۔





















