پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی ہوگئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 21 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ عمران خان کے جیل ٹرائل پر حکم امتناع میں 20 نومبر تک توسیع
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی نے سماعت ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم امتناع کی روشنی میں سماعت کو آج ملتوی کر دیا گیا ہے، آج پراسیکیوشن کی جانب سے کوئی گواہ پیش نہیں کیے گئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفرکیس میں جیل ٹرائل پر حکم امتناع میں 20 نومبرتک توسیع کردی گئی تھی۔