سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر میں جیل گیا تو وہیں سے الیکشن لڑوں گا۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی جانب سے پنجاب میں اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس پر جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں تفصیلات طلب کرلیں۔
درخواست پر سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ چِلے سے پہلے ہائیکورٹ میں پولیس نے بیان دیا مجھ پر کوئی مقدمہ نہیں ہے اب جتنے مقدمات میں نام ہے اس کی تفصیل عدالت نے مانگی ہے، کل اے ٹی سی میں میری ضمانتوں پر فیصلہ ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نوازشریف بولنا شروع ہو گئے ہیں اب میں بھی بولوں گا، یکم کے بعد پریس کلبز کا دورہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اعتزازاحسن ، لطیف کھوسہ ، سلمان اکرم اور سردارعبد الرزاق کو وکالت نامے دیے ہیں ، اگرجیل میں گیا تو وہ میرے اٹارنی ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا۔