خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ آپریشن کیا گیا جہاں دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد اعجاز شہید ہوگئے۔
شہید جوان محمد اعجاز کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے باغ سے تھا۔