پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
بشریٰ بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شوہر سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ میں لگانے کی استدعا کر دی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل انتظار پنجھوتھہ نے چیف جسٹس عامر فاروق سے کہا کہ ہمارے تمام کیسز کے آپ کی طرف سے ایک طرح کے فیصلے آرہے ہیں، استدعا ہے ہمارے تمام مقدمات اس بنچ سے کسی اور کو منتقل کئے جائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ بالکل نامناسب بات کر رہے ہیں، ایسے نہ کریں، چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشنز اور پاکستان بار کونسل کو نوٹس کر رہے ہیں۔
بعدازاں، بشریٰ بی بی کی استدعا پر عدالت نے معاونت کیلئے بار کونسلز کو نوٹسز جاری کردیئے۔