کراچی میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث تھڈوڈیم بھرگیا،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات بھر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ چیف سیکرٹری کے ذریعے پاک فوج سے مدد کی درخواست کی ہے،جس کے بعد پاک فوج کے دستے بھی موقع پر پہنچ گئے۔
کراچی میں رات بھروقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، لٹھ ندی میں طغیانی نالے اُبل پڑے،لیاری اور ملیر ندیاں بپھرگئیں،پانی اطراف کے علاقوں میں داخل ہوگیا،عیسیٰ نگری نشتربستی میں متعدد افراد پھنس گئے۔
سہراب گوٹھ کی گلیوں میں چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے،حسن منان کالونی میں کشتیوں کےذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے،ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ کراچی میں ہر طرف پانی نظر آرہا ہے،دھوبی گھاٹ، بہار کالونی اور مچھرکالونی بھی شدید متاثر ہوئے، شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سےزیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 129.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کورنگی میں 70.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،نارتھ کراچی میں 72.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے کم بارش جناح ٹرمینل میں 29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نےشہر قائد میں آج بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے،بارش برسانے والا سسٹم اب تک ڈپریشن کی شدت کے ساتھ سندھ پر اثر انداز ہے۔
کمشنرکراچی کا آج اسکولوں میں چھٹی کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث شہر میں آج تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔






















