اگست میں ملکی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ تجارتی خسارے میں اضافہ ہوگیاہے ۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست دوہزارپچیس میں ملکی برآمدات دس فیصد کمی کے ساتھ دو ارب اکتالیس کروڑ ڈالر رہیں، جب کہ جولائی میں یہ حجم دو ارب اڑسٹھ کروڑ ڈالر تھا۔ گزشتہ سال اگست دوہزارچوبیس کے مقابلے میں بھی برآمدات میں بارہ اعشاریہ چارنوفیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اس دوران برآمدات کا حجم دو ارب چھہتر کروڑ ڈالر رہا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست دوہزارپچیس میں مالی خسارہ آٹھ اعشاریہ آٹھ ایک فیصد اضافے سے دو ارب چھیاسی کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ، جولائی تا اگست میں برآمدات میں معمولی یعنی اعشاریہ چھ پانچ فیصد اضافہ ہوا اور حجم پانچ ارب دس کروڑ ڈالر رہا۔ تاہم اسی عرصے میں درآمدات چودہ اعشاریہ دو تین فیصد اضافے سے گیارہ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جس کے باعث ابتدائی دو ماہ میں تجارتی خسارہ انتیس فیصد بڑھ کر چھ ارب ڈالر سے زیادہ ہو گیا۔






















