دینی مدارس کو بینک اکاؤنٹس کھولنے میں مشکلات کے تناظر میں اسٹیٹ بینک نے سہولیات فراہمی کیلئے تمام بینکوں کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مدارس کو اکاؤنٹس کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث مدارس کے مالی معاملات کی مانیٹرنگ نہیں ہو پاتی۔
اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹرڈ مدارس کو اکاؤنٹس کھولنے میں اضافی سہولت فراہم کی جائے۔ ڈی جی آر ای سمیت دیگر اداروں سے رجسٹرڈ مدارس کو بھی یہ سہولت دی جائے۔
قبل ازیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عام صارفین اور تاجروں کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل آسان اور تیز تر بنانے کے لیے نیا فریم ورک جاری کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق نئے فریم ورک کا مقصد کم سے کم دستاویزات پر مبنی، آسان، محفوظ اور معیاری بینکاری سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ عوام اور تاجروں کو سہولت میسر آئے۔
اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے طریقے فراہم کیے جائیں اور عام صارفین کے اکاؤنٹس دو دن کے اندر کھولے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو اپنی بینک اکاؤنٹ درخواستوں کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی دی جانی چاہیے۔






















