بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے عدالتی فیصلے پر جشن منانے والے 7 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ سول لائنز لاہور میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، پولیس کے مطابق موقع سے کچھ خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد مال روڈ بلاک کرکے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈال رہےتھے، گرفتار افراد کو ضابطے کی کارروائی کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی۔ چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کی۔
سپریم کورٹ نے ضمانتیں مسترد کرنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ عدالتی ریمارکس میں کہا گیا ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آرڈر ایسا لکھوائیں گے کہ ٹرائل میں کسی کا کیس متاثر نہ ہو۔






















