ترجمان دفترخارجہ نے دہشتگردی کے متاثرین کو خراج عقیدت کے عالمی دن پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا پاکستان دہشتگردی کے متاثرین کو خراج عقیدت کے عالمی دن منانے میں عالمی برادری کے ساتھ ہے، یہ دن دہشتگردی کے تمام متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہونے کا دن ہے،
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کا براہ راست شکار رہا ہے، پاکستان میں دہشتگردی اور اس کی منصوبہ بندی سرحد پار سے کی جاتی ہے، پاکستان کو دہشتگردی کی نئی شکلوں کا بھی سامنا ہے، سیکیورٹی فورسز اور عوام نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کیخلاف جدوجہد میں 90,000 سے زائد پاکستانی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، قوم کو اس جدوجہد میں 150ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہم اپنے شہداء اور ہیروز کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اس دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطین کے پرعزم لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں، بین الاقوامی برادری بلا تفریق دہشتگردی کے خاتمےکی مشترکہ کوششوں میں ہمارا ساتھ دے۔





















