معروف سعودی شاعر سعود بن معدی القحطانی سلطنت عمان میں پہاڑ سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی شاعر سعود بن معدی القحطانی سلطنت عمان کے صوبہ ظفار میں کوہ پیمائی کے دوران حادثے کا شکار ہوئے، جہاں وہ جبل سمحان کی ڈھلوان سے پھسل کر جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق جبل سمحان ظفار کی نمایاں ترین پہاڑی بلندیوں میں سے ایک ہے جو اپنی دشوار گزار زمین اور سخت ڈھلوانوں کی وجہ سے مہم جو اور کوہ پیمائی کے شوقین افراد کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
سعودی شاعر سعود بن معدی القحطانی کو پہاڑ سے گرنے کے باعث شدید چوٹیں آئیں، انہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
مسقط میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ’شاعر القحطانی کے جبل سمحان سے گرنے کے حادثے کی تحقیقاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے، سلطنت عمان میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ متوفی کا جسد خاکی وطن منتقل کیا جاسکے۔
سعودی سفارتخانے نے متوفی کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ متوفی سعودی شاعر سعود بن معدی القحطانی کا عوامی انداز ان کی نمایاں خصوصیت تھی، انہیں ’’شاعر الجنوب‘‘ (جنوب کا شاعر) کہا جاتا تھا کیونکہ ان کی شاعری میں جنوبی ماحول اور اس کے جذبات کی عکاسی نمایاں تھی۔
رپورٹ کے مطابق اپنی ادبی زندگی میں انہوں نے کئی ایسے کلام پیش کئے جو وسیع پیمانے پر مقبول ہوئے، ان کی تخلیقات مختلف اخبارات میں شائع ہوئیں اور وہ ملک کے اندر اور باہر متعدد شعری نشستوں میں شریک رہے۔





















