وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ارب یا زائد مالیت کی کمپنیوں کی تعداد 16 ہوگئی، پی ایس ایکس نے ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس تک کا سفر محض 10 ماہ میں کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کر دی، کے ایس ای 100 انڈیکس ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اسٹاک ایکسچینج نے پہلے 50 ہزار پوائنٹس 26 سال میں حاصل کئے، دوسرے 50 ہزار پوائنٹس 8 سال میں حاصل ہوئے، جبکہ اگلے 50 ہزار پوائنٹس محض 10 ماہ میں عبور حاصل کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ارب ڈالر یا زائد مالیت کی کمپنیوں کی تعداد 16 ہوگئی، ایک سال میں 22 فیصد اضافے کے ساتھ 73 ہزار نئے سرمایہ کار آئے۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ عوامی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے، مثبت معاشی امکانات اور عالمی ساکھ نے سرمایہ کار کا اعتماد بڑھا دیا۔






















