سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ گیٹ نمبر چار کا ساتھ دیا ہے لیکن اب مجھے نظر لگ چکی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اس ملک میں الیکشن تو ایک دن ہونے ہی ہیں، الیکشن سیاسی جماعتوں میں ہونا چاہئے اداروں اور سیاسی جماعتوں میں نہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چلے کے اثرات ابھی باقی ہیں، مخالفین سیاسی مہم چلاتے رہیں کوئی بات نہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں اور نواز شریف ایک ہی دن پاکستان آئے، گیٹ نمبر چار میں نواز شریف کے ساتھ تھا، مجھے نظر لگ چکی ہے لیکن انتظار میں ہوں کہ نواز شریف کو کب لگے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں صرف نواز شریف اور شیخ رشید خاموش ہیں۔
علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی نو مئی واقعات پر پنجاب میں درج مقدمات کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔