گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت بچت کا رجحان بہت کم ہے، اسٹاک مارکیٹ فائنانشل سسٹم کا اہم ستون ہوتی ہے، محفوظ اور شفاف بناکر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو بڑھایا جاسکتا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں بینکس بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں پی بی اے کی ان لاکنگ کیپٹل مارکیٹ پوٹینشل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ فائنانشل سسٹم کا اہم ستون ہوتی ہے، ترقی کرتی معیشت میں اسٹاک مارکیٹ کا اہم رول ہوتا ہے، بوم برسٹ سائیکل سے بچتے ہوئے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری بہتر آپشن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بچت کا رجحان جی ڈی پی کے 7.4 فیصد ہے، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں بچت کا رجحان کافی کم ہے، جون 2025ء تک اسٹاک ایکسچینج میں اکاؤنٹس کی تعداد 4 لاکھ سے نیچے رہی، اسٹاک مارکیٹ کی ٹوٹل کیپٹلائزیشن جی ڈی پی کے 15 فیصد ہے جو بہت کم ہے۔
جمیل احمد نے بتایا کہ محفوظ اور شفاف بناکر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو بڑھایا جاسکتا ہے، اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے، اسٹاک مارکیٹ بڑھنے سے کارپوریٹ سیکٹر کو بھی سپورٹ ملتی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ رسک پرائسنگ مینجمنٹ اور اسکو بڑھانے میں بھی اسٹاک مارکیٹ مدد دیتی ہے، اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں بینکس بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، کیپٹل مارکیٹ کی ترقی سے معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے، ترقی کرتی معیشت میں اسٹاک مارکیٹ کا اہم رول ہوتا ہے۔






















