بلوچستان میں شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی، خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس چوتھے روز بھی معطل ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس 14 اگست تک معطل رہے گی، ٹرین سروس سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر معطل کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے قومی شاہراہوں پر بھی شام 5 سے صبح 5 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ چلانے پر پابندی عائد کردی،
رپورٹ کے مطابق اب صوبہ بھر کی شاہراہوں پر شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک عوامی ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی سیکریٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ نے ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس میں ہدایت کی کہ رات کے سفر پر پابندی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت عوامی ٹرانسپورٹ چلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔



















