امریکی ٹیرف میں کمی کے بعد صنعتکاروں اور برآمدکنندگان نے حکومت سے آسان پالیسی اور کم لاگت پیداوار کا مطالبہ کردیا۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے تجاویز وزیراعظم تک پہنچانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف میں کمی امریکی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کا سنہری موقع ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت امریکی ٹیرف میں کمی اور برآمدات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں 30 سے زائد برآمد کنندگان اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے صنعتکاروں اور برآمدات کنندگان سے مشاورت کی۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان نے امریکی ٹیرف 29 سے 19 فیصد کروایا، خطے میں سب سے کم ٹیرف کا حصول پاکستان کیلئے بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیرف میں کمی امریکی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کا سنہری موقع ہے، پاکستان کی برآمدات بڑھانے کیلئے منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
اجلاس میں صنعت کاروں اور برآمد کنندگان نے حکومت سے آسان پالیسی اور کم لاگت پیداوار کا مطالبہ کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ تجاویز وزیراعظم کو بھیجی جائیں گی۔






















