بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں اشتہاری ملزمان کی منجمد اراضی کی نیلامی آج ہوگی۔
کلب روڈ اسلام آباد پر 248 کنال 8مرلہ اراضی کی نیلامی کی جائے گی، موضع موہٹرہ نور میں 405 کنال 3 مرلہ کی بھی نیلامی ہوگی۔ نیلام ہونے والی اراضی بحریہ ٹاؤن کی ملیکت ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جائیدادوں کی نیلامی پر حکم امتناع دینے کی بحریہ ٹاؤن کی استدعا مسترد کردی ہے۔
سپریم کورٹ نے جائیدادوں کی نیلامی پر حکم امتناع دینے کی بحریہ ٹاؤن کی استدعا مسترد کردی گئی۔ عدالت نے ملک ریاض اور بحریہ ٹاون کیخلاف ریفرنسز کی نقول جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جسٹس امین الدین نے کہا کہ یک طرفہ اسٹے نہیں دے سکتا،دوسری سائیڈ کو سن کر فیصلہ کریں گے۔ 13 اگست کو مرکزی اور متفرق تمام درخواستوں پر سماعت ہوگی۔
قبل ازیں 5 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا تھا۔ عدالت نے بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کرکے نیب کوبحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
خیال رہے کہ بحریہ ٹاؤن کی 6 کمرشل جائیدادوں کی نیلامی پر نیب راولپنڈی نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ بحریہ ٹاؤن کی 6 میں سے 3 پراپرٹیز کی نیلامی کر دی گئی ہے۔






















