امریکا کو پاکستانی برآمدات میں ایک سال میں 55 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔امریکا کے ساتھ پاکستان کا تجارتی سرپلس سالانہ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال پاک امریکا تجارت کا مجموعی حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالررہا، پاکستان نے ایک سال میں امریکا کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی اشیاء برآمد کیں، پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
امریکا سے درآمدات کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، پاکستان کی امریکا سے درآمدات میں گزشتہ سال 40 فیصد اضافہ ہوا۔
بیڈ ویئر، ٹیبل، ٹوائلٹ اور کچن مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.038 ارب ڈالر رہی، امریکا کو مردانہ سوٹ، جیکٹ اور ٹراؤزر کی برآمدات 93 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں، امریکا کو تیار شدہ ملبوسات اور ڈریس پیٹرن کی برآمدات 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں۔
دستاویز کے مطابق پاکستان نے امریکا کو 36 کروڑ 10 ڈالر کی ٹی شرٹس کی برآمدات کیں، امریکا کو جرسیوں اور پل اوورز کی برآمدات 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں، پاکستان کی امریکا کو جرابوں کی برآمدات 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں، امریکا کو چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران پاکستان نے امریکا کو خواتین کے ملبوسات کی 15 کروڑ 70 ڈالر کی برآمدات کیں، پاکستان نے امریکا سے سب سے زیادہ 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی روئی درآمد کی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال امریکا سے 16 کروڑ ڈالر کا لوہا اور اسٹیل اسکریپ امپورٹ کیا گیا، امریکا سے 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سویا بین، 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا کوئلہ درآمد کیا گیا، امریکا سے ٹربو جیٹس اور گیس ٹربائنز کی درآمدات 5 کروڑ ڈالر رہیں۔
امریکا سے کمپیوٹر مشینز کی 4 کروڑ، پیٹرولیم آئل کی 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں، پاکستان نے امریکا سے 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے الیکٹرو میڈیکل آلات درآمد کیے۔ امریکا سے خشک میوہ جات کی درآمدات کا حجم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔






















