نیپرا نے بجلی صارفین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہاہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نےسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے ، کمی اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں منظورکی گئی، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہو گا،بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیاہے کہ بجلی صارفین کو کمی کا 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا، بجلی تقسیم کار کمپنیز نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی ، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر 4 اگست کوسماعت کی تھی۔
دوسری جانب نیپرا نے کراچی کے علاوہ باقی ملک کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں 78 پیسے کمی کر دی ہے ، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے ، بجلی جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں سستی کی گئی، بجلی صارفین کو کمی کاریلیف اگست کےبلز میں ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کااطلاق کےالیکڑک صارفین پرنہیں ہوگا۔






















