وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں بڑا الزام لگایا ہے کہ آدھی سے زیادہ بیورو کریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی، شہریت لینے کی تیاری کررہی ہے، مگرمچھ اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں، سیاستدان تو ان کا بچا کچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بیورو کریسی پر سنگین الزام لگادیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ آدھی سے زیادہ بیورو کریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی، شہریت لینے کی تیاری کررہی ہے، مگر مچھ اربوں روپے کھاکر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عثمان بزدار کا قریب ترین بیوروکریٹ بیٹیوں کی شادی پر 4 ارب کی سلامی وصول کرچکا، اب آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیاستدان تو بیورو کریسی کا بچا کچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں، نہ پلاٹ نہ غیرملکی شہریت کیونکہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے، پاک سرزمین کو یہ بیوروکریسی پلید کررہی ہے۔



















