پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی امریکا سے تجارت اور دوستی کی حامی تھی اور ہے۔
سماء کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بنوں میں دہشگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صرف پولیس نہیں افواج پاکستان کی شہادتیں ہوئی ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سیاست دان نہیں بلکہ پوری دنیا انہیں جانتی ہے ، میں صرف ان کی گائیڈ لائن کو فالو کرتا ہوں ، جب امریکی صدر ٹرمپ انتخابات میں کامیاب ہوئے تو میں اڈیالہ جیل میں موجود تھا، بانی سے ٹرمپ کے منتخب ہونے پر سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم امریکی صدر یا کسی بھی قسم کی مداخلت کے خلاف ہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کیسز نہیں سنے جاتے، ہم اپنی محنت سے بانی کو رہا کرائیں گے، ٹرمپ اور بائیڈن ایڈمنسٹریشن تبدیلی پر بانی نے کھل کر بیان دیا ، امریکا کے ساتھ ہماری دشمنی بھی نہیں لیکن اندرونی معاملات میں کسی بھی ملک کی مداخلت قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امریکا سے تجارت اور دوستی کی حامی تھی اور ہے، ہماری معیشت کمزور ہے اس کمزوری کی وجہ سے کسی ملک کے آگے نہیں جھک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سوچ واضح ہے کہ ملک کے فیصلے ملک میں ہونے چاہیں ، پی ٹی آئی نے امریکی مفادات کا تحفظ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے خلاف کھڑے ہیں اور پارٹی فلسیطنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، امت مسلمہ میں اتحاد کا بیج کی بات کرنے پر تاریخ میں ثابت ہے انکے ساتھ کیا سلوک ہوا، بانی پی ٹی آئی نے امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کیلئے بلاک بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس نظام کے خلاف کھڑی ہوئی جس میں غریب کو کچھ نہیں دیا گیا، کے پی میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کوشش جاری ہے، پی ٹی آئی نے اسٹیٹس کو کو ختم کرنے کی بات کی، ملک میں اگر جمہوریت ہے تو پی ٹی آئی کو ووٹ ملا اسے تسلیم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماوں پر الزامات ثابت نہیں ہوئے اور سزا سنا دی گئی، بشریٰ بی بی ، عثمان بزدار سمیت جس نے کرپشن کی اسکا عدالت فیصلہ کرے، عدالتیں راتوں کو بلا کر سزا سنائی گئی ، 2 سے 3 بجے کون سی عدالت کام کرتی ہے؟۔






















