پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) ہولڈنگ کمپنی کی سال 2024 کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق کمپنی نے منافع میں نمایاں 42.90 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں کمپنی کا مجموعی منافع 36.2 ارب روپے تھا جو 2024 میں بڑھ کر 51.74 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایئر لائن کے خسارے میں 82 فیصد کمی آئی ہے۔
2023 میں 87.26 ارب روپے کے خسارے کے مقابلے میں 2024 میں یہ کم ہوکر 15.35 ارب روپے رہ گیا تاہم، آمدنی میں 7.68 فیصد کمی دیکھی گئی جو 2023 کے 259.59 ارب روپے سے کم ہوکر 2024 میں 239.65 ارب روپے رہ گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایئر لائن کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی۔
ہوائی جہاز کے ایندھن کے اخراجات میں 22.92 فیصد اور دیگر خدمات کے اخراجات میں 10.36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے باوجود کمپنی کو 524.58 ملین روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔






















