انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغامات میں انسانی اسمگلنگ روکنے کے لئے بین الاقوامی تعاون، عوامی آگاہی اور مشترکہ کوششوں کو ناگزیر قرار دیا ۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کا مقصد کمزور طبقات کا تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ منظم نیٹ ورکس کے ذریعے انسانی اسمگلنگ ہر سال سیکڑوں جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے ۔ پاکستان انسانی اسمگلنگ کیخلاف سخت قوانین ، مؤثر اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جرائم پیشہ افراد روزگار کے متلاشی شہریوں کا استحصال کرتے ہیں۔ کئی پاکستانی غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوشش میں سمندر برد ہوئے۔ وفاقی حکومت نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کےلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی۔ ہم اس جرم کے متعلق آگہی پھیلانے سے بھی غافل نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر مستقبل کیلئے پرخطر راستہ اختیار کرنا جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ، ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ مشترکہ عالمی کوششوں سے ہی اس جرم کا خاتمہ ممکن ہے۔






















