پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے احتجاج کو تحفظ آئین پاکستان لیڈ کرے گی۔ احتجاج پورے ملک میں ہوگا یا علامتی یہ مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
جنید اکبر کی زیر صدارت تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی قیادت کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 5 اگست کے احتجاج کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبرکا کہنا تھا کہ احتجاج کو پورے پاکستان میں پھیلانے کی تجویز ہے جبکہ کچھ لوگ علامتی احتجاج کی تجویز بھی دے رہے ہیں۔ مرکزی قیادت نے جو فیصلہ کیا صوبائی قیادت اس پر عمل کرے گی۔
جنید اکبر نے کہا کہ یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کو تحفظ آئین پاکستان لیڈ کرے گی۔ احتجاج کے حوالے سے محمود اچکزئی طریقہ کار طے کریں گے۔ 31 جولائی کو دو روزہ آل پارٹی کانفرنس میں فیصلہ ہوگا کہ احتجاج کہاں کہاں ہوگا۔






















