انڈونیشیا کے صوبہ گورونتالو میں 6.3 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات، موسمیاتی تبدیلی اور زلزلہ پیما ادارے کے مطابق جمعرات کی علی الصبح صوبہ گورونتالو میں 6.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 50 منٹ پر آیا، جس کا مرکز پوہواتو ریجنسی سے 8 کلومیٹر جنوب مشرق میں زمین کے اندر 132 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے قریبی صوبوں، بشمول شمالی سولاویسی، وسطی سولاویسی، اور مشرقی کلمنتان میں بھی محسوس کیے گئے۔
گورونتالو شہر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سیکرٹری، ہینری ٹیکوالو، نے بتایا کہ زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا، کیونکہ اس شدت کا زلزلہ بلند لہریں پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔






















