نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔ پاکستان اس دوران بطور صدر سلامتی کونسل دو اہم ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔
اسحاق ڈار کل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بطور صدر خطاب کریں گے ۔ ان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس اور امریکی وزیرخارجہ سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے ۔
پاکستان کی زیر صدارت منگل کو سلامتی کونسل میں کثیرفریقی طریقہ کار اور تنازعات کے پرامن تصفیے کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ پر مباحثہ ہو گا، جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
چوبیس جولائی کو اقوام متحدہ و علاقائی تنظیموں کے تعاون پر بریفنگ ہو گی ۔ جس میں اقوام متحدہ اور او آئی سی کے مابین تعاون پر بھی بات ہو گی۔ 23 جولائی کو اسحاق ڈار فلسطین کے مسئلے پر کونسل کے سہ ماہی کھلے مباحثے کی میزبانی کریں گے۔
نائب وزیراعظم ممکنہ طور پر واشنگٹن بھی جائیں گے، وہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔






















