نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جس دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النیہان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کشیدگی میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ کے ساتھ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور عالمی سطح کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے مشرق وسطٰی سمیت خطے میں مذاکرات اورسفارت کاری کے ذریعے تناؤ فوری کم کرنے پر زور دیا۔ اسحاق ڈار اور چینی سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی بھی ملاقات ہوئی۔ اسحاق ڈار نے موجودہ تنازع کے جلد حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کے لیے بات چیت کا عمل ناگزیر ہے۔ نائب وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات بھی ہوئی۔ اسحاق ڈار اور شیخ عبداللہ بن زاید النیہان نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ امن و استحکام کی اہمیت اور کشیدگی میں فوری کمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
اسحاق ڈار نے یواے ای میں تین پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کےدرمیان عید کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا اور قریبی رابطے میں رہنے پراتفاق کیا گیا۔




















