نور مقدم قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم ظاہر جعفر کی صدر مملکت سے رحم کی اپیل کے تناظر میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کیلئے پمز اسپتال انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پمز انتظامیہ کو خط لکھ کر مجرم ظاہرجعفرکے طبی اورنفسیاتی معائنے کےلیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کے خلاف اپیل سپریم کورٹ نے مسترد کردی ہے، مجرم کی رحم کی اپیل صدرمملکت کے سامنے جمع کرائی جانی ہے، صدرمملکت کو رحم کی اپیل کیلئے میڈیکل اور نفسیاتی بورڈکی رائے ضروری ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پمز انتظامیہ سے استدعا کی ہے کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سزائے موت کے مجرم کا میڈیکل اور نفسیاتی بورڈجلد تشکیل دیا جائے، سپریم کورٹ سے سزائے موت کنفرم ہونے کے بعد صدر مملکت سے رحم کی اپیل مجرم کا آخری آپشن ہے۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سزائے موت کے مجرم کی رحم کی اپیل سےقبل لازمی قانونی تقاضا ہے۔






















