ویتنام میں سیاحوں سے بھری کشتی موسلا دھار بارش کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی، واقعے میں 38 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو ویتنام میں خلیج ہالانگ میں سیاحوں سے بھری کشتی ڈوب گئی، واقعے میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کشتی پر کل 48 سیاح اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے، سیاح یونیسکو کے ایک لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کیلئے آئے تھے کہ کشتی کو حادثہ پیش آگیا۔
بتایا گیا ہے کہ ان سیاحوں میں سے اکثر اپنے خاندان کے ساتھ سیاحت کیلئے نکلے ہوئے تھے، جن کا تعلق ویتنامی دارالحکومت ہنوئی سے ہے، ان میں 20 بچے بھی شامل تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 10 افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو سرگرمیوں میں درجنوں امدادی کارکن، بارڈر گارڈز، نیوی، پولیس اور پیشہ ور ڈائیورز شریک ہیں، حد نگاہ محدود اور موسم خراب ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔





















