وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک III اور سی-130 طیاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کی قیادت، پائلٹس اور ٹیکنیشنز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن اور پائلٹس و ٹیکنیشنز کی محنت کی بدولت پاکستان کا پرچم بلند ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے عملی میدان میں دشمن کے 6 طیاروں کو گرا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور 21 ویں صدی کی سب سے بڑی اور طویل جنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیوں کی مثال رہتی دنیا تک دی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ فضائیہ کی یہ کامیابیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔






















