آن لائن اسٹریمنگ سروسز فراہم کرنے والی امریکی کمپنی ’’نیٹ فلکس‘‘ کے منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سبسکرپشن قیمتوں میں اضافہ اور اشتہارات کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی بتائی گئی ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق نیٹ فلکس نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے توقعات سے بہتر نتائج رپورٹ کیے جس میں منافع گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 45 فیصد بڑھ گیا،کمپنی کی آمدنی 16 فیصد اضافے کے ساتھ 11.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو نہ صرف تجزیہ کاروں کے اندازوں بلکہ خود کمپنی کے تخمینوں سے بھی زیادہ تھی، اس عرصہ کے دوران نیٹ فلکس کا خالص منافع 3.1 ارب ڈالر رہا۔نیٹ فلکس نے 2025 کے لیے اپنی سالانہ آمدنی کا تخمینہ بھی بڑھا دیا جس کے مطابق آمدنی کا تخمینہ اب 44.8 ارب سے 45.2 ارب ڈالر ہے جو پہلے 43.5 ارب سے 44.5 ارب ڈالر کے درمیان تھا۔
کمپنی نے اس سہ ماہی میں اپنے مواد کی کارکردگی کو سراہا خاص طور پر "سکویڈ گیمز ” کے تیسرے سیزن کو، جسے 122 ملین بار دیکھا گیا۔نیٹ فلکس کے مطابق یہ ہماری تاریخ کے کسی بھی سیریز کے چھٹے سب سے بڑے سیزن کے طور پر سامنے آیا ہے۔کمپنی نے کہا کہ کوریائی مواد ہمارے صارفین میں بدستور مقبول ہے جو نیٹ فلکس کی بین الاقوامی سٹریٹجی کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی نے لائیو پروگرامنگ کے میدان میں بھی قدم بڑھانے کا اعلان کیا ہے جس میں باکسنگ کے اہم مقابلے اور این ایف ایل گیمز شامل ہوں گی تاکہ روایتی آن ڈیمانڈ انٹرٹینمنٹ سے ہٹ کر مواد کی مزید اقسام پیش کی جا سکیں۔رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کے حصص میں سال کے آغاز سے اب تک 40 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے ،اس سہ ماہی میں نیٹ فلکس نے اپنی ایڈورٹائزنگ صلاحیتوں کو مزید وسعت دی ہے اور کہا ہے کہ 2025 میں اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی تقریباً دوگنی ہونے کی توقع ہے۔






















