وفاقی پولیس نے افسران اور اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کی ایک جامع پالیسی جاری کی ہے جو تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گی۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق اس پالیسی کا مقصد محکمے کی ساکھ اور خفیہ معلومات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
پالیسی کے تحت بغیر اجازت افسران کے بیانات، تحریریں یا دیگر مواد سوشل میڈیا پر شئیر کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
وردی میں ویڈیوز اور تصاویر بنانا یا انہیں ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا بھی پابندی کا شکار ہے۔
پولیس اہلکاروں کو خفیہ یا سرکاری دستاویزات سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور پولیس اہلکاروں کے سیاسی یا مذہبی خیالات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
پولیس سرگرمیوں کی تشہیر کی اجازت صرف پبلک ریلیشنز برانچ کو ہوگی اور سوشل میڈیا پر محکمانہ ویڈیوز اپ لوڈ کرنے سے قبل باقاعدہ اجازت لینا ضروری ہوگا۔
یونٹ ہیڈز افسران کو پالیسی کی مکمل عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ماتحت اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے پابند کیا گیا ہے۔
پالیسی کی خلاف ورزی پر افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے زور دیا کہ اس پالیسی کا مقصد محکمے کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنا ہے اور یہ تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گی۔






















