بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بس کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی جب قومی شاہراہ پر حملے کا نشانہ بنی جبکہ حملے کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ابتک 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق پی آئی بی کالونی کراچی سے ہے اور یہ قوالوں کا ایک 15 رکنی گروپ تھا جو ماجد علی صابری کے نام سے مشہور ہے اور کراچی سے کوئٹہ روانہ ہوا تھا تاکہ وہاں قوالی پڑھ سکیں۔
قوال ندیم کی گفتگو
قوال ندیم، جو بنیا بھائی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے بتایا کہ یہ گروپ قوالی پڑھنے کے لیے کراچی سے کوئٹہ جا رہا تھا اور بس کو نشانہ بنانے کے وقت محض پونے گھنٹے کا فاصلہ رہ گیا تھا۔
ندیم کے مطابق واقعے میں ہمارے 3 لوگ جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی ہیں، ہم ساؤنڈ سسٹم اور دیگر آلات کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔
ندیم نے مزید کہا ہم تو فنکار اور قوال لوگ ہیں، نعت شریف پڑھتے ہیں، اگر ہمیں پتہ ہوتا کہ ایسا کچھ ہو جائے گا تو گھر سے ہی نہیں نکلتے۔
طلحہ صابری
طلحہ صابری نے واضح کیا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے قوالوں کا تعلق امجد صابری کے گھرانے سے نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کا تعلق ماجد علی اور ندیم علی قوال گھرانے سے ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس پرفائرنگ ہوئی ہے جس کے بعد سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم کی جانب سے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو قیمت ادا کرنی پڑے گی اور حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔






















