صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی ہے جس میں سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کا ایوان صدر آمد پر خیرمقدم کیا اور ملاقات میں ملکی اور بین الاقوامی امور پر جامع مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے صدر زرداری کو معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وفد نے بھی شرکت کی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ شامل تھے۔
وزیر قانون نے صدر مملکت کو آئینی معاملات پر بریفنگ دی جبکہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔






















