بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کی نئی فلم ’ تیجس ‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت کی نئی فلم ’ تیجس ‘ اداکارہ کے لئے ایک اور آفت ثابت ہوئی ہے اور فلم نے منافع کی بجائے 50 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ریکارڈ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 27 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’ تیجس ‘ صرف 4.25 کروڑ روپے کا بزنس کر سکی۔
فلم ’ تیجس ‘ پر 70 کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی لیکن گھریلو باکس آفس پر تقریباً نہ ہونے کے برابر منافع اور بین الاقوامی مارکیٹ سے صرف 70 لاکھ روپے کی کمائی کے ساتھ پروڈیوسرز کو مالی طور پر بڑا نقصان پہنچا ہے۔
فلم کے او ٹی ٹی، سیٹلائٹ اور میوزک رائٹس 17 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے جبکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ڈسٹری بیوٹرز نے باکس آفس کلیکشن سے 2.23 کروڑ روپے کمائے۔
مجموعی طور پر پروڈیوسرز نے فلم سے صرف 19.23 کروڑ روپے کی وصولی کی ہے اور اس طرح ان کا کل نقصان 50.77 کروڑ روپے بنتا ہے۔
کنگنا کی آخری فلم ’ دھاکڑ ‘ بھی باکس آفس پر فلاپ رہی تھی اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دھاکڑ کے پروڈیوسرز کو باکس آفس پر 78.72 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت اب اپنی اگلی فلم ’ ایمرجنسی ‘ میں نظر آئیں گی جس میں انہوں نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے ، ’ ایمرجنسی ‘ کو پہلے نومبر میں ریلیز ہونا تھا لیکن اسے 2024 تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔