ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے اموات کی تعداد بڑھ کر 63 ہوگئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں 26 جون سے یکم جولائی تک 63 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 30 بچے ،20 مرد اور 13 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 113 افراد زخمی بھی ہوئے، سیلاب اور بارشوں کے باعث 56 مکان مکمل تباہ ہوئے، 76 مکانوں کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں آج بھی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور کوہاٹ میں چند مقاما ت پر بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان میں بارش متوقع ہے۔ بہاولنگر، بہاولپور اور بھکر میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، موسی خیل، بارکھان، خضدار، قلات، مستونگ میں بارش ہوسکتی ہے۔






















