فٹبال کے لیجنڈ لیونل میسی کو 98 سالہ معمر خاتون پالین کینا عرف ’گینگسٹر گرینی‘ نے شادی کی پیشکش کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
یہ دلچسپ واقعہ انٹر میامی کے فیفا کلب ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے آخری میچ سے قبل پیش آیا جہاں میسی کی ٹیم پالمیراس کے مدمقابل تھی۔
میچ سے قبل وارم اپ کے دوران میسی کی نظر ایک منفرد بینر پر پڑی جس پر لکھا تھا ’میسی، کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟‘ یہ پیغام 98 سالہ پالین کینا کا تھا جو ’گینگسٹر گرینی‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
بینر پڑھ کر میسی کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی اور انہوں نے نہایت شائستگی سے ہاتھ کے اشارے سے انکار کیا مگر ان کے تاثرات نے اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔
View this post on Instagram
پالین کینا کوئی عام بزرگ خاتون نہیں بلکہ ایک سوشل میڈیا اسٹار ہیں جو اپنے نواسے راس اسمتھ کے ہمراہ مختلف اسپورٹس ایونٹس میں شرکت کرتی ہیں۔
ان کی حاضر دماغی اور زندہ دلی نے نہ صرف اسٹیڈیم میں موجود شائقین بلکہ خود لیونل میسی کا دل بھی جیت لیا۔
’گینگسٹر گرینی‘ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پہلے ہی مقبول تھا لیکن میسی کو شادی کی پیشکش کے بعد ان کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔






















