امریکی خاتون کے بعد کراچی پہنچنے والی تیونس کی لڑکی کی بھی محبت ناکام ، لیاری کے نوجوان سے شادی کرنے والی لڑکی کراچی میں در بدر ہوگئی۔
تیونس سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ لڑکی سندا ایاری کی لیاری کے نوجوان عامر سے محبت کی شادی کا افسوسناک انجام ہوا ہے اور محبت میں گرفتار ہو کر تیونس سے کراچی آنے والی سندا اب دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے جبکہ اس نے واپسی کے لیے وومن پولیس اسٹیشن سے مدد طلب کی ہے۔
سندا ایاری کی عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی اور وہ 28 نومبر 2024 کو تیونس سے پاکستان آئی اور اگلے ہی دن 29 نومبر کو عامر سے شادی کر لی۔
ان کا نکاح نامہ 6 مارچ 2025 کو لیاری کے بغدادی یونین کونسل میں رجسٹرڈ کیا گیا تاہم، چند ماہ بعد عامر نے سندا کو طلاق دے دی۔
سندا نے وومن پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی جس میں اس نے شوہر اور اس کے اہل خانہ پر تشدد کا الزام عائد کیا۔
وومن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او عظمیٰ افضل کے مطابق تیونس کے سفارت خانے نے اس معاملے پر رابطہ کیا ہے اور سندا کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی خاتون اونیجا بھی اسی طرح محبت کی شادی کے لیے پاکستان آئی تھی اور مشکلات کا شکار ہوئی تھی۔
سندا ایاری اور اونیجا دونوں ہی ویزہ کی مدت ختم ہونے کے باوجود پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم رہیں لیکن متعلقہ حکام کو اس کی کوئی خبر نہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے دعوؤں کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا سکے۔






















