ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔ لاہور میں گرج چمک کیساتھ موسلادھاربارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور کے علاقوں ہربنس پورہ، تاج باغ، جیل روڈ، گلبرگ، کینال روڈ، مال روڈ اوردیگرعلاقے میں موسلادھار بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی۔ محکمہ موسمیات نے دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
واسا کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 48، تاجپورہ میں 32 ملی میٹر، ائرپورٹ پر 20 اعشاریہ 2، اپر مال 17، جیل روڈ پر 15 اعشاریہ 4، گلبرگ میں 15 اور لکشمی چوک میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد راولپنڈی اور گردو نواح میں مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی پنجاب میں موسلادھار بارشوں سے اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
فیصل آباد میں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گلگت بلتستان کے دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا، جس سے مین سیاچن روڑ دریا برد ہونے اورپانی آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ ہے۔





















