پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو الیکشن لڑنے سے کوئی بھی نہیں روک سکتا لیکن جو لوگ سانحہ نو مئی کے واقعات میں ملوث ہیں انہیں کوئی الیکشن لڑنے کی اجازت بھی نہیں دے سکتا۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ریڈ لائن ود طلعت ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) کا جو ووٹ اور جو سپورٹ پنجاب میں ہے اس کا ایک مخالف ووٹ بینک اور سپورٹ بھی موجود ہے جو پہلے ساری پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے ساتھ تھی اور پھر وہی ووٹ اور سپورٹ بعد میں پی ٹی آئی کو ٹرانسفر ہوگئی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو شاہ محمود قریشی یا کسی اور کو پارٹی سربراہ بنا کر الیکشن کے لئے جماعت کو میدان میں لانا چاہیے تھا لیکن یہ انکی فطرت ہے کہ وہ کسی پر اعتبار نہیں کرتے ، انہوں نے پہلے بھی سارا کچھ اسی طرح کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں انہیں کوئی الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دے گا وہ لوگ سب سے پہلے اپنے جرائم کی سزا کا سامنا کریں گے اور بعد میں باالکل حصہ لیں۔
پی ٹی آئی کو الیکشن کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی والوں کو اجازت بھی نہیں مل سکتی: رانا ثنا اللہ
— SAMAA TV (@SAMAATV) November 7, 2023
پروگرام پلے لسٹ : https://t.co/k6c6pzHkK1#SamaaTV #RedLinewithTalatHussain #TalatHussain@TalatHussain12 pic.twitter.com/UgSr2Cqj57
ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر اگر مشکل وقت آیا تھا تو پارٹی رہنماؤں کو چاہئے تھا کہ ان حالات کا سامنا کرنے کے لئے خود کو تیار کرتے اور اپنی سٹریجٹی بناتے، لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، اب پارٹی کے پاس جو بندے موجود ہیں چیئرمین پارٹی کو ان پر اعتبار کرنا چاہیے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی سربراہ بن سکتے ہیں وہ دو ماہ تک اس کوشش میں بھی رہے، لیکن ان پر اعتبار نہیں کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں جو شخص قید ہے اس نے پارٹی اپنی جیب میں ڈالی ہوئی ہے وہ جیب سے باہر نکالے تو پتا چلے گا کہ پارٹی کدھر ہے تاہم، پی ٹی آئی بطور جماعت موجود ہے۔