عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ یہ رقم بلوچستان میں دو مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ عالمی بین کے مطابق رقم صوبہ بلوچستان میں دو مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جس میں بچوں کیلئے تعلیمی مواقع کو بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کو مضبوط کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہیسن کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں منصوبوں کا مقصد صوبے میں تعلیمی محرومی کو کم کرنا ہے، بلوچستان واٹر سیکیورٹی پراجیکٹ موسمیاتی تبدیلی کیخلاف مزاحمت بڑھانے میں مدد دے گا۔
عالمی بینک نے مزید کہا کہ بلوچستان میں انفرااسٹرکچر اور انسانی ترقی میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔ اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق یہ فنڈز خواتین کی مالی رسائی بہتر بنانے کیلئے خرچ کیے جائیں گے۔



















