کے الیکٹرک کی بل ادا کرنیوالے صارفین کیلئے بھی طویل لوڈشیڈنگ پر نیپرا نے ایکشن لے لیا، کے الیکٹرک کو دوسرا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ٹرانسفارمر کے بجائے فیڈر لیول پر لوڈشیڈنگ کررہی ہے، کے الیکٹرک نے ایک دن میں کئی گھںٹے فیڈرز لیول پر لوڈشیڈنگ کی، ڈیفالٹرز کی وجہ سے بل ادا کرنیوالے صارفین کو بھی سزا دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر 2022ء تا 2024ء تک متعدد خطوط لکھے، کے الیکٹرک بدستور ٹرانسفارمر لیول پر لوڈشیڈنگ نہیں کررہی، کے الیکٹرک اقدامات سے بل ادا کرنیوالے صارفین مسلسل لوڈشیڈنگ برداشت کررہے ہیں۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، کے الیکٹرک کو فیڈر کی بجائے ٹرانسفارمر لیول پر لوڈشیڈنگ کی ہدایت کی گئی تھی، عدم عملدرآمد پر کے الیکٹرک کو قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی تھی۔
نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک سال میں ٹھوس پلان کے بجائے معمول کے جوابات دیتی رہی ہے، کے الیکٹرک کو عدم مطابقت کی بناء پر شو کاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔



















