ایران کی جانب سے’ آپریشن بشارت الفتح ‘ کے تحت قطر میں امریکی اڈے پر میزائل داغ دیے گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکے سنائی دیے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران کی جانب سے امریکی ایئربیس پر 6 میزائل داغے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق امریکی اڈوں کیخلاف ’ آپریشن بشارت الفتح ‘ شروع ہوگیا ہے۔
ایران کے پاسداران انقلاب کا بیان
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوحہ میں امریکہ کے سب سے بڑے فوجی اڈے، العدید ایئر بیس پر ایک طاقتور میزائل حملہ کیا جبکہ یہ جوابی حملہ، جو آپریشن بشارت الفتح کے تحت کیا گیا ایران کا حملہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے منظور شدہ تھا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ "ہٹ اینڈ رن" کا دور ختم ہو گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مستقبل میں ایسے کسی بھی حملے سے مغربی ایشیا میں امریکی موجودگی کا خاتمہ تیز ہو جائے گا اور مستقبل کے حملے خطے میں امریکی فوجی انفراسٹرکچر اور صہیونی حکومت دونوں کے خاتمے کا سبب بن سکتے ہیں۔
قطر
قطری محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ائیرڈیفنس سسٹم سے امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں، حملے سے کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور تمام میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک لیا گیا۔
قطری محکمہ خارجہ کے مطابق یہ حملہ خطے کی استحکام کےلیے خطرہ ہے اور تمام فریقوں سے تنازعے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
قطر نے خبردار کیا کہ ایرانی حملے کے بعد جوابی اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کا بیان
ایران کی قومی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ کے العدید اڈے پرحملہ برادر ملک قطرکیلئے کوئی خطرہ نہیں۔
وائٹ ہاؤس
ایرانی میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا کہ قطر میں امریکی اڈوں پر حملوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایران
ایرانی حکام کی جانب سے کہا گیا کہ مسلح افواج نے اتنے ہی بم استعمال کئے جتنے امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر کئے تھے۔





















