روم کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جاری مصائب کو نظر انداز نہ کریں، جہاں اسرائیلی حملوں سے روزانہ سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوپ لیو کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع شدت اختیار کر رہا ہے۔
اپنی ہفتہ وار دعائیہ ملاقات میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین سمیت اس ڈرامائی صورتحال میں، غزہ اور دیگر علاقوں کی آبادی کے روزانہ مصائب کو بھلایا جا رہا ہے جہاں انسانی ہمدردی کی امداد کی ضرورت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ نے ایک وسیع تر اور "ناقابل تلافی" جنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری سے ہتھیاروں کو خاموش کیا جائے، قومیں تشدد اور خونریز تنازعات کے بجائے امن کی کوششوں سے اپنا مستقبل متعین کریں، عالمی برادری کا ہر رکن ایک اخلاقی ذمہ داری رکھتا ہے کہ وہ جنگ کی تباہی کو روکے ورنہ یہ ایک ناقابل تلافی گڑھا بن جائے گی۔





















