غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو دی جانے والی ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد بھی غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی پاکستان سے اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کا محفوظ انخلاء اور باعزت طور پر اپنے وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں غیر رجسٹرڈ افغان شہری بذریعہ طورخم اور چمن بارڈر اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔
بڑی تعداد میں افغان باشندے طورخم اور چمن بارڈر پر موجود ہیں جو کہ بخوشی اپنے ملک واپس جا رہے ہیں کے پی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کے لئے ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں جن میں روزمرہ کی تمام سہولیات موجود ہیں۔
6 نومبر کو 9 ہزار 816 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک واپس گئے جن میں 3 ہزار 38 مرد، 2 ہزار 425 خواتین اور 4 ہزار 353 بچے بھی شامل تھے۔
افغانستان روانگی کے لیے 632 گاڑیوں میں 1017 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق اب تک کل ایک لاکھ 98 ہزار 554 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔