وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا جس دوران تقریباً چھتیس ارب روپے مالیت کے نو ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا جبکہ آٹھ منصوبوں کی منظوری دےد ی گئی۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں پینتیس ارب چھیاسی کروڑ روپے مالیت کے نو ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے پچیس ارب انیس کروڑ روپے مالیت کے آٹھ منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ دس ارب سڑسٹھ کروڑروپے کا ایک منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
زرعی شعبے میں کلائمیٹ اسمارٹ ہائبرڈ بیجوں کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس کی لاگت ننانوے کروڑ روپے ہے۔قائداعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف مٹیریلز اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور امتحانات کی آٹومیشن کے لیے تین ارب چار کروڑ روپے کا منصوبہ منظور ہوا۔
پی آئی ای اے ایس میں ایمرجنگ ٹیکنالوجی سنٹر کے لیے تین ارب اڑتیس کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔گلگت بلتستان کے لیے سولہ میگاواٹ کے نلتر تھری ہائیڈرو پاور منصوبے کو ایکنک کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے چار منصوبے بھی منظور کیے گئے جن کی مجموعی لاگت چودہ ارب دو کروڑ سے زائد ہے۔خارلاچی تا مزار شریف ریلوے رابطے کے لیے فزیبیلٹی اسٹڈی کا منصوبہ بھی اجلاس میں منظور ہوا۔






















