سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے ارکان نے ججز کی طرز پر بیوروکریٹس کی عمر ریٹائرمنٹ بڑھانے کی تجویز دیدی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں کمیٹی رکن سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے قومی وسائل کی بچت کیلئے ججز کی طرز پر عمر ریٹائرمنٹ بڑھانے کی تجویز دے دی۔ کہا بیوروکریٹ 60 سال کی عمر میں فٹ اور تجربے سے بھرپور ہوتا ہے۔ تجربے سے فائدہ اٹھانے کی بجائے اسے ریٹائر کر دیا جاتا ہے۔
سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے اگلے روز بیوروکریٹ پرائیویٹ جاب شروع کردیتا ہے، اس سے بہتر نہیں، ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا دی جائے۔ وزیر خزانہ نے تجویز کی تائید کرتے ہوئے کہا اس پر غور کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشیں آئی ایم ایف کے بعد عالمی بینک میں بھی ناکام ہوئے۔ ورلڈ بینک نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ نے بتایا بجٹ میں آئی ایم ایف کی منظوری سے کمپلائنس اور انفورسمنٹ کے ذریعے ٹیکس وصولی بڑھائی کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ مہنگائی میں کمی سے عوام اور شرح سود میں کمی سے کاروباری شعبے کو ریلیف ملا ہے۔ سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کردیئے، پی آئی اے کو دوبارہ نجکاری کیلئے لایا گیا ہے۔






















